اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی .
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی،جنرل قمر جاوید باجوہ نےلیفٹیننٹ جنرل سرفراز،بریگیڈیئر خالد، لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی.
میجر جنرل امجد حنیف کی کراچی ، میجر طلحہ کی راولپنڈی ،میجر سعید کی لاڑکانہ ،نائیک مدثر فیاض کی نارووال میں نماز جنازہ ادا کی گئی،آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء اور سول و عسکری حکام سمیت شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعدازاں آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے اہل خانہ اور زیارت میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے جسد خاکی کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
شہدا ءکو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا،میجر جنرل امجد حنیف کی نماز جنازہ کراچی گریژن میں اد ا کرنے کے بعد جسد خاکی راولپنڈی تدفین کے لئے منتقل کر دیا گیا ہے.
میجر طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، کمانڈر راولپنڈی کور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔