• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت عمران کو سپریم کورٹ سے نااہل نہیں کراسکے گی، تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں ارشاد بھٹی، حفیظ اللہ نیازی، محمل سرفراز اور سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کو سپریم کورٹ سے نااہل نہیں کراسکے گی، قانون سازوں کو آرٹیکل 62 اور 63 میں خرابیاں دور کرنا ہوں گی ورنہ سب اس کی زد میں آجائیں گے، عمران خان کو سخت سزا ملے گی نہ ملنی چاہئے۔

پروگرام کے آغاز میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کیا حکومت عمران خان کو سپریم کورٹ سے نااہل کرواپائے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ حکومت عمران خان کوسپریم کورٹ سے نااہل نہیں کراسکے گی، عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے ثابت کرنا ہوگا کہ انہوں نے جھوٹ بولا اور ذاتی مفاد کیلئے فراڈ کیا.

پی ڈی ایم حکومت ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے پر وقت سے پہلے اور ضرورت سے زیادہ ڈھول بجارہی ہے، عمران خان کے پاس وزیراعظم کا طیارہ نہیں ہے کہ اسحاق ڈار کی طرح باہر بھاگ جائے۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو صحیح سزا ہوئی اور وہ صحیح نااہل ہوئے، کوئی لیڈر زیادہ ووٹ لیتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی نااہلیت کو اہلیت میں بدل دیا جائے.

 سپریم کورٹ میں کیس جانے دیں وہاں سے عمران خان نااہل ہوتے ہیں تو مجھے قبول ہے۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے پہلے کسی سیاسی جماعت کی فنڈنگ میں اس درجے کے گھپلے نہیں دیکھے گئے، عمران خان تو دراصل عارف نقوی کیخلاف تحقیق میں پکڑے گئے ہیں.

 سائمن کلارک کہتا ہے وہ پانچ سال سے عارف نقوی کے پیچھے پڑا ہوا تھا، واضح اکثریت رکھنے والے نوا ز شریف کو نااہل کیا جاسکتا ہے تو عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ پر نااہل قرار کیوں نہیں دیا جاسکتا۔

حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کے کیس میں کوئی مطابقت نہیں ہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے کے بعد حکومت کے پاس چوائس نہیں کہ پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی نہ کرے.

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں انصاف ہوا اس کی وجہ سے ہمیں ڈالر کی قیمتوں میں واضح کمی کی صورت انعام ملا ہے، پی ٹی آئی سڑکوں پر کچھ نہیں کرسکتی اس کی سڑکوں پر آنے کی اہلیت 25مئی کو سامنے آگئی تھی۔

اہم خبریں سے مزید