• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ نے میڑک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ نے ثانوی اور اعلی ثانوی( میڑک اور انٹر ) کے سالانہ امتحانات برائے 2022کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔گلگت کے احمد ولی نے قومی سطح پر ایچ ایس ایس سی کے امتحانات میں مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والی وریشہ خان نے قومی سطح پر ایس ایس سی کے امتحانات میں مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ وریشہ خان، سندھ سے تعلق رکھنے والی طالبہ جنہوں نے ایس ایس سی میں اعلی ترین مجموعی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ایچ ایس ایس سی میں، صوبائی سطح پر جن طلبہ و طالبات نے اول، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کی ہیں ان میں شامل ہیں: گلگت بلتستان )جی بی( کے احمد ولی؛ خیبر پختونخواہ کی ثنا مفتاح، سندھ کی صالحہ عابد اور چناب نگر کی بریرہ ناصر احمد۔ ایس ایس سی میں، صوبائی سطح پر جن طالبات نے اول، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کی ہیں ان میں شامل ہیں: جی بی کی حسیبہ یوسف؛ خیبر پختونخواہ کی عالیہ شاہ اور چناب نگر کی کاشفہ آصف شامل ہیں۔ جنگ نے جب بورڈ کے ترجمان سے نتائج کی تفصیلات، پوزیشن امیدواروں کے اسکولوں کے نام اور حاصل کردہ نمبرز کے لیے رابطہ کیا تو ترجمان نے کہا کہ ہم یہ معلومات ظاہر نہیں کرتے۔اے کے یو-آغا خان بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد جیوا نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ طلبا کو اعلی تعلیم کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا، "اے کے یو-ای بی کے طلبا نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم اعلی معیارات رکھتے ہیں اور درس و تدریس کے معاملے میں اٹل اور پختہ اصولوں پر چلتے ہیں جن سے ہمارے طلبا عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ مجھے یہ دیکھ کر فخر و مسرت محسوس ہوتی ہے کہ اے کے یو-ای بی کے فارغ التحصیل طلبا پاکستان میں قائم 100 سے زائد بین الاقوامی یونیورسٹیز میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں اور 53 فیصد طلبا کو پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلے ملے ہیں۔"