کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق بھارتی کپتان سنیل گاواسکر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ یہ نہ بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے، ہم اپنے مفادات کا خیال بہتر انداز میں رکھ سکتے ہیں، آپ کی رہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا اپنی کرکٹ کا خیال رکھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا شیڈولنگ کے بارے میں فکر مند ہیں کیوں کہ نئے ٹورنامنٹ ان کی ٹی 20 لیگز کے شیڈول سے ٹکرا سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقا کی لیگ آسٹریلیا کے لیے پریشان کن ہے، بگ بیش اور ٹی ٹوئنٹی لیگ ایک ہی وقت میں شیڈول ہیں، ایسا ممکن ہے کہ ان کے کچھ کھلاڑی بگ بیش کے بجائے یو اے ای اور جنوبی افریقاکی لیگ کھیلنے چلے جائیں گے۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کہا تھا کہ انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں خلل پڑ رہا ہے۔ آئی پی ایل کے متعدد فرنچائز مالکان نے جنوبی افریقا اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی 20 لیگز میں ٹیمیں خرید لی ہیں جن کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ کے شیڈول سے ٹکراؤ کا امکان ہے۔