اسلام آباد(خبرایجنسی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہاہے کہ نوازشریف وطن واپسی کی تاریخ خود دیں گے،پی ٹی آئی کے جلسے کا اعلان اپنی چوری چھپانے اور دھیان ہٹانے کیلئے سیاسی اسٹنٹ ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا ہمیشہ سے رویہ رہا ہے کہ جب ان کی چوری پکڑی جائے ، الزام آئے تو یہ جواب دینے کی بجائے بات کا رخ موڑنے کے لئے کہیں کوئی الٹی میٹم ، لانگ مارچ کی کال دیتے ہیں اور جلسہ جلسہ کھیلتے ہیں ، اس وقت الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ فیصلے میں عمران خان کی چوری پکڑی جا چکی ہے ، مجرم کے طور پر پوری قوم کے سامنے ایکسپوز ہیں کہ خیرات کے نام پر جو کیا پیسے اکٹھے کرکے سیاست پر خرچ کیے ، غیر ملکی دشمن ممالک سے پیسے لیے جس کو سیاست میں استعمال کیا اور ملکی سیاست کو پراگندہ کرنے کے لئے کوششیں کیں ، 13 اگست کو تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کرنے کی بالکل اجازت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات چاہے جب بھی ہوں نواز شریف کی واپسی سے متعلق پندرہ ستمبر یا دس ستمبر کی تاریخ دینے کی بات سے اتفاق نہیں کرتا واپسی کا فیصلہ اور تاریخ کا بتانا صرف نواز شریف خود کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر سوشل میڈیا پر منفی مہم پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اور عسکری تحقیقاتی اداروں نے بہت کام کیا ہے جن لوگوں کو پکڑا گیا ہے ان کی شناخت واضح طور پر پاکستان تحریک انصاف سے جڑتی ہے اس سلسلے میں ڈی جی آئی ایس پی آر افس سے رہنمائی حاصل کرکے ان پر مقدمات درج کر دیئے جائینگے اور جو لوگ معافی مانگ رہے ہیں انہیں معاف کر دیا جائیگا۔