• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کے قائدین کا گرفتار اساتذہ اور کلرکوں کی رہائی کا مطالبہ

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری عثمان أکاش، نائب امراء سید عزیر حامد، رضا احمد شاہ، راجہ محمد جواد، چوہدری سرفراز احمد، محمد وقاص خان،سید ارشد فاروق ،عتیق احمد عباسی نے راولپنڈی میں اساتذہ پر پولیس تشدد، لاٹھی چارج، گرفتاریوں اور مقدمات کی شدید مذمت کرتے ہوئے گرفتار اساتذہ اور کلرکوں کی فوری رہائی اور مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام معاشرے کے پڑھے لکھے اور قابل احترام افراد ہیں‘ اور اپنے جائز مطالبات کیلئے پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ای او کاشف اعظم اچھی شہرت نہیں رکھتے‘ پنجاب حکومت نہ جانے کیوں ان کو اساتذہ کی مخالفت اور احتجاج کے باوجود بار بار راولپنڈی میں تعینات کرتی ہے حالانکہ انکے بارے میں طرح طرح کی کہانیاں زبان زد عام ہیں۔ اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے کہ سی ای او کاشف اعظم کے پیچھے آخر کس کا ہاتھ ہے۔ انکی مبینہ کرپشن کے حوالے سے بھی انکوائری کروائی جائے اور اساتذہ کے مطالبات کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالا جائے۔ اساتذہ پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور اساتذہ پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کر کے گرفتار قائدین کو رہا کیاجائے۔
اسلام آباد سے مزید