شکرگڑھ ( نامہ نگار )مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہاہے کہ اگر فوری الیکشن میں گئے تو اگلے 4 ماہ ملک میں بے یقینی آجائے گی ملک میں نئی مردم شماری کا عمل شروع ہوچکا،جو فروری میں مکمل ہوگی، الیکشن کمیشن 4 مہینے میں نئی حلقہ بندیاں کر سکتا ہے،فارن فنڈنگ کیس نے عمران خان کی سیاست کا پردہ چاک کر دیا ۔ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید نائیک مدثر فیاض کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئےانہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں خصوصاً صوبہ سندھ کا موقف ہے کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہو۔ حکومت معیشت کی بہتری اور الیکشن کےآئینی تقاضے پورے کرنے کے لئے مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ20سال سے عمران خان بیرونی فنڈنگ کے سہارے ملک میں انتشار کی سیاست کر رہے تھے ۔2013میں دھرنے کے ذریعہ چینی صدر کا دورہ پاکستان سبوتاژ کیا،اگلے 5سال دھرنوں کے ذریعے سی پیک اور سرمایہ کاری کو روکنے کی کوشش کی جاتی رہی۔عمران حکومت نے 4 سال میںملک کو تباہی کی طرف گامزن کیا،ملکی معیشت کو تباہ کیا قرضوں کے بوجھ تلے دبایا، کشمیر پر سرنڈر کیا۔آرمی چیف بھی پاکستانی ہیں، حکومت، ادارے اور وزیر اعظم ملک کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے، اس مشکل وقت سے نکال کر دوبارہ ترقی کے راستے پر ڈال دیں گے ۔