کراچی( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایران عالمی پابندیوں کے باوجود آج بھی تیزی سے ترقی کرنے والے ملکوں کی صف میں شامل ہے،ایران اور پاکستا ن کے مابین دو طرفہ تجارت میں اضافہ بہت ضروری ہے ،دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کو زیادہ سے زیادہ ایک دوسرے کے ملک کے دورے کرنے چاہئیں ،موجودہ چیلنجز کے دور میں معیشت کا استحکام بہت ضروری ہے ،وہ ایرانی قونصلیٹ میں انقلاب ایران کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے،اس موقع پر میزبان کراچی میں تعینات ایران کے قونصل اکبر عیسی زادے نے بھی خطاب کیا،تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ بزنس کمیونٹی کے افراد اور سفارتکاروں نے بھی شرکت کی ،تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ، گورنر سندھ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم ممالک میں اتحاد ہو اور وقت ضرورت اقوام عالم کی طرف سے ٹھوس پیغام جانا چاہیے،گورنر سندھ نے کہا کہ ملکی دفاع کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،قونصل جنرل ایران نے گورنر سندھ اور تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ملک ایک دوسرے کے موقف سے اتفاق کرتے ہیں ،دوستی کا 75 سال سفر تاریخی حیثیت رکھتا ہے ،ایران پاکستان کو اپنا ہمدر اور اچھا دوسرت سمجھتا ہے،انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ سازشوں کا ڈٹ کے مقابلہ کیا ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا،ہم تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کے حامی ہیں۔