راولپنڈی(اے پی پی)پاک فوج میں اعلیٰ سطح کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو تبدیل کرکے کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء ملٹری سیکرٹری پاک فوج تعینات کردیئے گئے ۔ لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات کور کمانڈر پشاور تعینات کردیئے گئے۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقرر و تبادلوں کی منظوری دیدی ہے۔
نیوزایجنسیوں کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکرٹری پاک فوج فرائض سرانجام دے رہے تھے‘لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء کو ملٹری سیکرٹری جی ایچ کیو پاک فوج تعینات کیا گیا ہے‘وہ کور کمانڈر بہاولپور فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات مغربی سرحد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وہ جی او سی میران شاہ بھی تعینات رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سردارحسن اظہرحیات جنوبی وزیرستان میں بطوربریگیڈیئر بریگیڈکی کمانڈ کرچکے ہیں اور انہوں نے آئی ایس آئی میں تعیناتی کے دوران افغان امن عمل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل سردارحسن اظہرحیات چین میں بطور دفاعی اتاشی بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔