کراچی(ٹی وی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ فوج کی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی ناراضی نہیں ہے، میرا خود اب بھی فوج کے ساتھ رابطہ ہے۔ حالات ایسے بنے تھے کہ سب سمجھ رہے تھے عمران خان ختم ہوگیا، اتحادی حکومت پھنس گئی ہے یہ نہ حکومت چھوڑ سکتے ہیں نہ چلا سکتے ہیں۔نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کو صرف عوام ہی سیاست سے آؤٹ کرسکتے ہیں، جلد انتخابات کے لئے اتحادی حکومت سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل کردے، اگر ایسا ہو تو پی ٹی آئی بھی دونوں صوبوں کی اسمبلیاں توڑنے کو تیار ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں، سب ایک ڈرامہ ہے۔ نواز شریف کو واپس آنا چاہئے وہ جیل جائیں یا ضمانت کرائیں، نواز شریف واپس آئیں اور ون ٹو ون عمران خان کے ساتھ مقابلہ کریں۔