• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل نے جو بیان دیا یہی پی ٹی آئی کا اصلی بیانیہ ہے، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز گل نے جو بیان دیا یہی پی ٹی آئی کا اصلی بیانیہ ہے.

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میرا خیال ہے اب عمران خان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے، عمران خان کی کسی بات میں کوئی وزن نہیں ہوتا ہے، سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ عمران خان جس راستے پر جارہے ہیں ان کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوگا، سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ عمران خان کے خطاب میں اسٹیبلشمنٹ کیلئے پیغامات بھی تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے شہباز گل کے بیانیے کی تائید کردی ہے.

 ادارے کہتے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں، یہ کہتے ہیں آپ نیوٹرل کیوں ہیں، شہباز گل نے جو بیانیہ پیش کیا ہے وہ پی ٹی آئی کا بنیادی موقف ہے، شہباز گل کہتے ہیں فوج کے ایک خاص رینک تک لوگوں کی ہم سے بہت محبت ہے اور فوج اپنی کمانڈ کا غلط حکم نہ مانے، ہم توقع کررہے تھے کہ عمران خان، شہباز گل کے بیان کی مذمت اور معافی مانگیں گے، شہباز گل کے خلاف قابل دست اندازی پولیس مقدمہ درج ہوا ہے، پولیس اس کے تحت بغیر وارنٹ کسی کو گرفتار کرسکتی ہے۔

 رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل کی گرفتاری کی ویڈیو وائرل ہے ،شہباز گل کو ایک گاڑی سے دوسری گاڑی میں بٹھایا گیاکہاں ڈرائیور پر تشدد کیا گیا ہے، شہباز گل کو بالکل قانون کے مطابق رکھا گیا ہے.

شہباز گل کو چوبیس گھنٹے میں عدالت میں پیش کیا گیا وہ جیوڈیشل کسٹڈی میں ہیں، عمران سے کوئی پوچھے آپ نے پونے چار سال میں کس کو صفائی کا موقع دیا، آپ نے لوگوں کو گرفتار کر کے ڈیڑھ ڈیڑھ سال جیل میں رکھا، مجھے گرفتار کیا گیا تو کیا صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا، عمران خان ،اے این ایف کے میجر جنرل عارف ملکی اور شہریار آفریدی کو میرے خلاف نیوز کانفرنس کی تیاری کرواتے تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز گل نے جو بیان دیا یہی پی ٹی آئی کا اصلی بیانیہ ہے،ایک بیانیہ تیار کیا گیا اور پارٹی اجلاس میں قیادت نے اس کی منظوری دی گئی، ایک نجی چینل اے آر وائی سے رابطہ کر کے تفصیلات طے کی گئیں.

 ایک فکس پروگرام تھا طے ہوا تھا کہ پندرہ منٹ میں بیانیہ مکمل کرنا ہوگا، کیا شہباز گل نے بیان نہیں دیا، کیا اس کی آواز نہیں تھی،کیا اے آر وائی چینل نے اسے پلیٹ فارم مہیا نہیں کیا، آواز شہباز گل کی تھی اور اے آر وائی کا پلیٹ فارم استعمال کیا گیا تو ہم نے غلط کیا ۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا بیان نشر ہوا.

 سوشل میڈیا پر چلا تو پھر کارروائی ہوئی، ریاست نے قانونی رائے لینے کے بعد کارروائی کی ہے.

شہباز گل کا بیان ثابت ہونے کے بعد پارٹی اجلاس کے شرکاء کو گرفتار اور چینل کے خلاف کارروائی ہوگی، باقاعدہ ٹیلی فون گفتگو موجود ہے کہ کب فون آئے گا، کب آپ بات شروع کریں گے، یہ طے ہوا تھا کہ مداخلت نہیں کرنی فری ٹائم دینا ہے، چینل کے اینکر نے کسی موقع پر بھی شہباز گل کو بات کرنے سے نہیں روکا.

 اس ٹی وی چینل پرا سٹیبلشمنٹ کے خلاف کیا بات نشر نہیں ہوئی، کسی افسر کیخلاف بات کرنا الگ بات ہے، فوجی قیادت کی حکم عدولی کی ترغیب دینا ایک بالکل الگ بات ہے،فوج کے کمانڈ کا حکم نہ ماننے پر اکسانے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چینل کو بند کیا گیا ہے وہ عدالت چلے گئے ہیں، عدالت جو فیصلہ کرے گی حکومت تسلیم کرے گی.

 اس میں کوئی شک نہیں کہ شہداء کے خلاف ٹرینڈ پی ٹی آئی کی طرف سے چلایا گیا، شہداء کے خلاف ٹرولنگ کرنے والے 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے 78لوگوں کا پراسس ہورہا ہے جبکہ 120کے متعلق پی ٹی اے کو لکھ دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید