اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے ٹرولرز اور بشری بی بی کے بیٹے ارسلان نے شہدا اور ان کی فیملیز کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی،.
عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے ان کا لکھا ہوا بیان پڑھا، عمران خان ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں.
انہوں نے اپنی جماعت کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا، آج ان کی جماعت سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ فارن فنڈنگ کہاں گئی، جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے، آج اسے کاٹ رہے ہیں، عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، فساد، انتشار اور غنڈہ گردی پر مبنی ہے، عمران خان نے 2013 سے 2022 تک آنے والے پیسے کا حساب ابھی دینا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا۔
عمران خان نے اپنی پریس ٹاک میں کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے۔
عمران خان کے چیف آف سٹاف اور ترجمان نے ان کا لکھا ہوا سکرپٹ اے آر وائے ٹی وی چینل پر پڑھا، اے آر وائے نے تمام صحافتی تقاضوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو نواز شریف سے کیسے ملا سکتے ہیں؟ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم رہے ہیں، انہوں نے اپنا اقتدار قربان کیا لیکن آئین پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ نواز شریف نے صرف یہ کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں اور آج بھی ہمارا یہی موقف ہے لیکن عمران خان اداروں کو بغاوت اور سیاسی مداخلت پر اکساتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف اسٹاف نے عمران خان کی ہدایت پر جو بیان دیا، اس حوالے سے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔
انہوں نےکہاکہ نواز شریف اور مریم نواز شہدا کی تصاویر لگا کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے رہے ہیں جبکہ عمران خان جب اقتدار کی کرسی سے محروم ہوئے تو انہوں نے شہدا کے خلاف مہم چلوائی۔