• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کابینہ کی تعداد بڑھ کر 61 تک پہنچ گئی

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) حکمران اتحاد کی تمام جماعتوں کو ایڈجسٹ کرنے کے دبائو میں وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کی تعداد بڑھ کر61تک پہنچ گئی،وفاقی وزیر زیادہ ہونے کی وجہ سے وزارتیں کم پڑ گیں.

عمران خان نے بطور وزیر اعظم52رکنی کابینہ چھوڑی تھی ،وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت کابینہ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی تاہم اس کے بعد بھی کابینہ ارکان میں اضافے کا رحجان برقرار ہا.

وزیر اعظم نے ملک محمد احمد خان،روبینہ عرفان اور ملک عبد الغفار ڈوگر کو بطور معاون خصوصی تعینات کیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے کابینہ کی تعداد بڑھ کر61تک پہنچ گئی ہے.

اس وقت وفاقی وزیر 34اور وفاقی وزارتوں کی تعداد33ہےجبکہ جاوید لطیف کئی ماہ سے بغیر کسی قلمدان کے وفاقی وزیر ہیں.

وزارت نہ ہونے کے باعث چوہدری سالک حسین کو وزارت یا ڈویژن نہیں بلکہ سرمایہ کاری بورڈ کا قلمدان دیا گیا،اسی طرح وزارت توانائی کے دو ڈویژنز میں سے پاور ڈویژن کا قلمدان خرم دستگیر جبکہ پٹرولیم ڈویژن کا وفاقی وزیر کوئی نہیں بلکہ مصدق ملک کو وزیر مملکت کا قلمدان دیا گیا.

سعد رفیق کے پاس وزارت ریلویز سمیت ہوا بازی ڈویژن کا قلمدان بھی ہے، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد بڑھ کر سولہ ہوگئی اور صرف تین کے پاس قلمدان ہیں اور باقی ماندہ 13معاونین خصوصی کے پاس کوئی قلمدان ہی نہیں،وزراء مملکت سات اور مشیروں کی تعداد چار ہے، بطور وزیر اعظم عمران خان کی سبکدوشی کے وقت25وفاقی وزراء، وزراء مملکت اور مشیروں کی تعداد چار،چار اور معاونین خصوصی انیس تھے۔

اہم خبریں سے مزید