• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان: بس پر ٹرالر الٹ گیا، 13 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی

رحیم یارخان(جنگ نیوز، نمائندہ خصوصی) رحیم یارخان کےقریب سڑک پر بنے گڑھے میں پھنسی منی بس پر ٹرالر الٹنے سے13مسافر جاں بحق ، متعدد زخمی ہوگئے۔امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔سڑک پر بنے گڑھے میں بس پھنسی، ٹرالر اوپر آن گرا،وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اورجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق ہفتے کے روز رحیم یارخان کے علاقے فیروزہ مرکزی شاہراہ پر سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث بننے والے گڑھے میں منی مسافر بس پھنس گئی ۔۔اسی اثنا میں پیچھے سے آنے والاٹرالر اس پر الٹ گیا۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بس میںپھنسے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔حکام کا کہناکہ بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے اورآخری اطلاعات تک 5 زخمیوں کو نکالا جاسکاہے۔حکام کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر فیروزہ منتقل کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔انتظامی افسران موقع پر جا کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔