اسلام آباد / کراچی ( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے ، نقطہ آغاز میثاق معیشت ہوسکتا ہے، معاشی خودمختاری کے بغیر آزادی نامکمل ہے، ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، ہماری طاقت عوام ہیں، جوہری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی کیوں نہیں، اندرونی خلفشار اور تقسیم سے بڑھ کر کوئی چیز خطرناک نہیں ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علاوہ ازیں ملک بھر میں جشن آزادی پر قوم جوش و جذبے سے سرشار رہی ، عید جیسی گہما گہمی دیکھنے میں آئی، سرکاری عمارتوں اور نجی اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئی ۔
افواج پاکستان کے نمائندوں نے مزارقائد پر حاضری دی اور گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31؍ اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ، سرکاری ،نجی عمارتوں ،گلیوں، بازاروں اورعوامی مقامات کو سبز پرچموں سےسجایا، برقی قمقموں سے روشن کیا گیا .
قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز ،بینرز بھی آویزاںتھے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کوپاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پرجناح کنونشن سینٹر اسلام آ باد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی ، پرچم کشائی کے موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، ریاض پیرزادہ ، شاہ زینبگٹی،شیری رحمان،مرتضی جاوید عباسی،مولانا اسعد محمود،خالد مگسی،انجنئیر امیر مقام،عسکری قیادت، اراکین پارلیمنٹ،غیر ملکی سفارت کاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کے دوران پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اس نعمت پر ہم اپنے رب کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لئے بھی جلد ازجلد آزادی کی دعا کی ۔
وزیر اعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی ولولہ انگیز جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے،مشاہیر پاکستان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد سے ہمیں آزادی کی نعمت ملی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے آبائواجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، عوام کے اتفاق کی طاقت سے شرپسند قوتوں کو کچل دینگے،پاکستان اگر جوہری قوت بن سکتا ہے تو معاشی قوت بھی بن سکتا ہے.
ملک کو اس وقت قومی مکالمے (نیشنل ڈائیلاگ) کی اشد ضرورت ہے، اندرونی خلفشار،تقسیم اور انتشار سے بڑھ کر کوئی بھی چیز خطرناک نہیں ہو سکتی،پاکستان جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے حاصل کیا گیا،دن رات محنت کرکے ملک کی تقدیر بدلیں گے،ہمیں امانت و دیانت کواپنا شعار بنانا ہوگا.
قائد اعظم نے ایمان،اتحاد اور نظم وضبط کی تعلیم دی، رات گئے کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں یوم آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پر رنگ ونور کی برسات ہوئی ۔کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔
مزار قائد پر اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب میں پاک نیول اکیڈمی کے نیول کیڈٹس نے اعزازی گارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالیں، تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی اور اعزازی گارڈز کا معائنہ کیا۔