کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ اور ن لیگ کے رہنما محمد زبیرنے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پاکستان واپس آکر جاتی امراء ہی جائیں گے، وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ خواہشات پر قانون نہیں چلتا،وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سیاستدان جیل جانے سے نہیں ڈرتا،سینئر تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ میاں نواز شریف جیل کی سختیاں بر داشت نہیں کر سکتے ۔سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ یہ طے ہے کہ نواز شریف پاکستان واپس آ رہے اور جلد آرہے ہیں۔ محمد زبیر نے تحریک انصاف کے سربراہ پر تنقید کر تے ہوئے کہ انہیں کس نے بتایا کہ نواز شریف ستمبر میں آ رہے ہیں، عمران خان نے ہی سب سے پہلے اطلاع دی کہ نواز شریف ستمبر میں آ رہے ہیں، عمران خان اپنی منطق کو وزن دینے کے لیے من گھڑت قصے بنا تے ہیں ۔