• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی حکم پر شہباز گل کا طبی معائنہ کیا گیا، تشدد نہیں ہوا، عظمیٰ بخاری

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم پر شہباز گل کا طبی معائنہ کیا گیا جس کے مطابق ان پرکو ئی تشدد نہیں ہوا ،رہنما پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کسی کے ساتھ بھی غیر قانونی رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے، صدراسلام آباد ہائیکورٹ بارشعیب شاہین کا کہنا تھا کہ 12تاریخ کو میں شہباز گل سے ملنے کے لئے گیا ان سے 30 منٹ ملا ، شہباز گل نے خود مجھے بتایا کہ گردن سے لے کر میرے پاؤں تک بیک سائیڈ پر ساری رات برہنہ کرکے آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کیا گیا،سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف ہیں، مفتاح اسماعیل نے ن لیگ میں نواز شریف کی اتھارٹی اوراثر و رسوخ کو زیرو کردیا ہے، رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے لسبیلہ سانحہ کے حوالے سے سوشل میڈیاپر مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منظم طور پر یہ مہم چلائی گئی ہے اس میں رہنما پی ٹی آئی کے اعترافی بیان موجود ہیں یہ نوجوان نسل کے ساتھ بیرون ملک پاکستانیوں کی بھی برین واشنگ کی جارہی ہے انہوں نے شہباز گل کے کیس کے حوالے سے کہا کہ حکومت کے پاس شہباز گل کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں کس طرح ایک تیار شدہ بیان دیا گیا تھا وقت آنے پر عدالت میں پیش کریں گے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عدالت کے حکم پر شہباز گل کا طبی معائنہ کیا گیا جس کے مطابق ان پرکو ئی تشدد نہیں ہوا ، عمران خان اور ان کے پارٹی رہنماؤں کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے ان کا پارٹی کا وزیر داخلہ پنجاب نے خود عمران خان کے بیان کی تردید کی ہے۔رہنما پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کسی کے ساتھ بھی غیر قانونی رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے مگر شہباز گل کا معاملہ نیا نہیں ہے ان کے ماضی کے بیانات موجود ہیں جس پر وہ اداروں پر تنقید کرتے رہے ہیں لیکن اگر ان پر پولیس کی تحویل میں تشدد ہوا ہے تو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اس کے تحقیقات ہونی چاہیے ، شہباز گل نے جس طرح کا متنازع بیان دیا اداروں کے خلاف ان پر غداری کا مقدمہ بننا چاہیے۔صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بارشعیب شاہین کا کہنا تھا کہ 12تاریخ کو میں شہباز گل سے ملنے کے لئے گیا ان سے 30 منٹ ملا ، شہباز گل نے خود مجھے بتایا کہ گردن سے لے کر میرے پاؤں تک بیک سائیڈ پر ساری رات برہنہ کرکے آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کیا گیا اور میرا پورا جسم بیک سائیڈ سے سیاہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل سے دوران تشدد دیگر سوال کے ساتھ یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا عمران خان شراب پیتا ہے جبکہ کیس کے حوالے سے کوئی سوال نہیں پوچھا گیا ۔ انہوں نے کہا پولیس نے گرفتاری کے بعد ریمانڈ لینے کے دوران کہا کہ موبائل ریکور کرنا ہے ، میرا سوال یہ ہے کہ اس وقت موبائل ریکور کیوں نہیں کیا گیا جب اس کو گرفتار کیا گیا اس وقت تو موبائل اس کے پاس تھا ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس دن موبائل فون سروسز 9محرم کے باعث بند تھی اور جج صاحب نے بھی یہی سوال پوچھا کہ آپ نے تفتیش کے دوران پوچھا کہ کال موبائل سے کی گئی تھی یا لینڈ لائن سے تو پولیس نے کہا یہ تو پوچھا نہیں ۔ عظمی بخاری نے مزیدکہا کہ پوری پی ٹی آئی اس وقت جھوٹ بول رہی ہے کوئی تشدد نہیں کیا گیا ہے ، پی ٹی آئی والوں کا مسئلہ یہ ہے کہ یہ عادی جھوٹے ہیں اور ہر موقع پر فلمی ڈرامہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید