• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیوچر ٹور پروگرام میں پاک بھارت کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی کے چار سالہ فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہے۔جبکہ زمبابوے،افغانستان اور آئر لینڈ کی کم درجہ بندی اور مارکیٹ ویلیو کم ہونے کی وجہ سے پاکستان چار سالہ سائیکل کے دوران ان ٹیموں سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے گا۔البتہ پاکستان نے ان ٹیموں کے ساتھ وائٹ بال سیریز رکھی ہے۔2023سے 2027کے دوران پاکستان 27جبکہ انگلینڈ43 آسٹریلیا43بھارت38بنگلہ دیش34 نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا28ٹیسٹ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے سات ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ملکوں کے ساتھ سیریز رکھی ہیں۔اس تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم کو ایک سو ٹیسٹ کھیلنے میں مشکل پیش آسکتی ہے لیکن جنگ کی تحقیق کے مطابق اس وقت بابر اعظم نے42ٹیسٹ کھیلے ہیں اگر وہ مکمل فٹ اور فارم میں رہتے ہیں تو چار سال میں ان کے ٹیسٹ میچوں کی تعداد69تک ہوسکتی ہے۔پاکستان کے بڑے کھلاڑی جاوید میاں داد اور انضمام الحق نے اپنے کیئر یئر میں سالانہ اوسطا سات سات ٹیسٹ کھیلے ہیں۔اظہر علی نے آٹھ ٹیسٹ سالانہ کھیلے ہیں۔بابر اعظم نے بھی ہر سال سات سات ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔چار سال میں پاکستان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز کھیلے گا جبکہ نیوزی لینڈ اورجنوبی افریقا کے خلاف مصروف سیزن کی وجہ سے تین ٹیسٹ کی سیریز نہیں ہے۔دسمبر2024میں جنوبی افریقا میں پاکستان کی دو ٹیسٹ کی سیریز ہے۔مارچ2027 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی بھی دو ٹیسٹ کی سیریز رکھی گئی ہے۔

اسپورٹس سے مزید