کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ریمو ٹ کنٹرول سے پنجاب حکومت چلارہے ہیں، تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے بعد توہین آمیز مہم چلائی ،شہباز گل پر تشدد ہوا ہے تو مجھے ہمدردی ہے، شہباز گل نے میری مرحوم والدہ کے حوالے سے بھی زبان درازی کی، عمران خان گرفتار ہوتے ہیں تو انہیں رکھنے کیلئے لانڈھی جیل ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن شعیب شاہین بھی شریک تھے۔شعیب شاہین نے کہا کہ شہباز گل کا بیان غیرذمہ دارانہ ہوسکتا ہے لیکن ان کے انسانی حقوق بھی ہیں، کیا شہباز گل پر قید میں اتنا بدترین تشدد ہونا چاہئے، پولیس نے اعتراف کیا ہے کہ شہباز گل کا ایک موبائل اس کے پاس ہے، عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ اور امریکا میں اپنی لابنگ کرنا مختلف چیزیں ہیں، عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے بعد توہین آمیز مہم چلائی ، پاک فوج کے خلاف مہم میں انڈیا اور پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک پیج پر تھے، شہباز گل نے فوج میں بغاوت کی دعوت دی ایسا جارحانہ بیان کبھی نہیں سنا، شہباز گل پر تشدد ہوا ہے تو مجھے ہمدردی ہے، شہباز گل نے میری مرحوم والدہ کے حوالے سے زبان درازی کی، پی ٹی آئی کے لوگ دنیا بھر میں سڑکوں پر فوجی قیادت کیخلاف نعرے لگاتے رہے ۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مظلوم بننے کے بجائے اپنی غلطیوں پر غور کرے، عمران خان قانون سے بالاتر نہیں ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی پیشیاں بھگتی ہیں، عمران خان ریمو ٹ کنٹرول سے پنجاب حکومت چلارہے ہیں، آئین اور وفاقی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صوبے میں گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ پرویز الٰہی ہیں انہی کی تمام ذمہ داری ہے، پرویز الٰہی نے آئین سے متصادم اقدامات اٹھائے تو خود اپنی حکومت کو خطرے میں ڈال لیں گے،یہ پنجاب کے انتظامی ڈھانچے کو سیاست میں جھونکنا چاہتے ہیں، ممکن ہے آئندہ پنجاب کی انتظامی مشینری پیچھے ہٹ جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگی رہنما چھ چھ مہینے سزائے موت کے قیدیوں کی چکیوں میں رہ کر آئے ہیں، ہمیں اڈیالہ جیل میں جن حالات میں رکھا گیا شہباز گل لاکھ درجے بہتر حالت میں ہیں، خفیہ اکاؤنٹس کے بار ے میں پوچھ گچھ کرنا ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں آتا ہے،عمران خان امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے وہاں لابسٹ ہائر کررہے ہیں، عمران خان نے غیرملکی سازش کے بیانیہ پر ملک میں ہیجان پیدا کیا دوسری طرف امریکا سے معافی مانگ رہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل اسلام آباد کے قیدیوں کیلئے بطور کسٹڈی جیل استعمال ہوتی ہے، عمران خان گرفتار ہوتے ہیں تو انہیں رکھنے کیلئے لانڈھی جیل ہے، عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہیں۔شہباز گل کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ شہباز گل کا بیان غیرذمہ دارانہ ہوسکتا ہے لیکن ان کے انسانی حقوق بھی ہیں، کیا شہباز گل پر قید میں اتنا بدترین تشدد ہونا چاہئے۔