کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد نواز، حارث رئوف اور نسیم شاہ کی شاندار بولنگ کے بعد محمد رضوان، سلمان آغا اور بابر اعظم کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے نیدر لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل سات وکٹ سے جیت لیا اور پاکستان نے مسلسل تیسری ون ڈے سیریز جیت لی۔ اسپنر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ محمد رضوان نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے 69نا قابل شکست رنز بنائے۔ انہوں نے82گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں ایک چھکا اورچھ چوکے شامل تھے۔ نوجوان سلمان آغا نے دوسرے ون ڈے میں پہلی نصف سنچری چھکا مارکر کر مکمل کی اور پاکستان کو فتح بھی دلوادی۔ سلمان آغا نے35گیندوں پر 50ناٹ آئوٹ رنز بنائے، ان کی اننگز میں دو چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ سلمان اور رضوان نے چوتھے وکٹ کی شراکت میں68گیندوں پر92رنز بنائے جمعرات کو روٹر ڈیم میں نسیم شاہ اور حارث رئوف نے اپنے پہلے اسپیل میں ڈچ بیٹر کو مشکل میں ڈال دیا ۔ ابتدائی دھچکے کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی اور44.1اوورز میں 186رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان نے ہدف 98گیندیں پہلے تین وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے تیسرے وکٹ کی پارٹنر شپ میں88رنز بنائے۔ بابر اعظم نے57رنز65گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے بنائے۔ محمد رضوان دو سال قبل آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں سنچری بنانے کے بعد سے ابتک 16 ون ڈے اننگز میں صرف2 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوپائے تھے۔ انہوں نے چھٹی ون ڈے نصف سنچری بنائی۔ رضوان نے اس میچ سے قبل آخری نصف سنچری 8میچ قبل گذشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں بنائی تھی۔ پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا پہلے میچ کے سنچری میکر فخر زمان تین رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ امام الحق کنگما کے اسی اوور میں چھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ نیدر لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا ۔ اوپنر وکرم جیت اور بارسی نسیم شاہ کے تیز اسپیل کا شکار ہوئے۔ حارث نے میکس کو ایک رن پر آئوٹ کردیا۔ چوتھے اوور میں8رنز پر تین وکٹ گر گئے۔ تاہم ٹام کوپر اور ڈی لیڈے نے 100 رنز سے زائد کی پارٹنرشپ کرکے اسکور 117 تک پہنچایا۔ ڈی لیڈ ے نے کیریئر بیسٹ 89 رنز120گیندوں پر بنائے ان کی اننگز میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ ٹام کوپر نے66رنز 74گیندوں پر دو چھکے اور سات چوکے لگاکر اسکور کیے۔ کوپر اور لیڈے کے درمیان109رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تین بیٹسمینوں کے علاوہ کوئی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا ۔ حارث رئوف نے16 اور محمد نواز نے42رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔ نسیم شاہ نے چھ اوورز میں27رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ محمد وسیم اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔