اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کا نہ تو کوئی ٹویٹر اکائونٹ، یا صفحہ ہے اور نہ ہی کسی دوسری سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر کوئی آئی ڈی استعمال کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد حسین کمبوہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے جج، مسٹر جسٹس منصور علی شاہ کے نام سے ایک جعلی ٹویٹر اکائونٹ کا حوالہ دیا جا رہا ہے، اس حوالے سے یہ وضاحت جاری کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ ایف آئی اے کو ایسے ناموں اور آئی ڈیز، پیجز کو بلاک کرنے اور مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔