عظمیٰ صدیقی
کبھی کبھار کچھ چٹ پٹا اور منفرد کھانے کو دل کرتا ہے لیکن یہ سمجھ نہیں آتا کہ کیا پکائیں ہم اس ہفتے آپ کو کچھ منفرد پکوانوں کی تراکیب بتا رہے ہیں، انہیں بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں۔
……مٹن کنّا……
اجزاء: بونگ کا گوشت آدھا کلو، چھوٹی ہڈیاں دو سے تین عدد، لہسن ایک چائے کا چمچہ (پسا ہوا)، پیاز دو سے تین (باریک کٹی ہوئی)، نمک حسب ذائقہ، لونگ چار عدد، جائفل آدھا چائے کا چمچہ، الائچی دو عدد، سونف آدھا چائے کا چمچہ (پسی ہوئی)، گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچہ (پسا ہوا)، لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، آٹا دو کھانے کے چمچے، تیل آدھا کپ۔
ترکیب: یک دیگچی میں تین گلاس پانی ،ایک چمچہ پسا ہوا لہسن ادرک اور نمک ڈال کرگوشت گلنے رکھ دیں۔ ایک علیحدہ دیگچی میں پیاز سنہری تل لیں، لہسن ادرک، پسی ہوئی مرچ اور نمک ڈال کر مسالہ بھون لیں۔ یخنی میں سے گوشت نکال کر اسے بھی مسالے میں شامل کر لیں، لونگ، الائچی، جائفل اور سونف پیس کر مسالے میں ملائیں اور بچی ہوئی یخنی میں آٹا گھول کر وہ بھی سالن میں ملا دیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ پسا ہوا گرم مسالہ ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ گرم نان کے ساتھ پیش کر یں۔
……یوگرٹ مٹن……
اجزءا: بکرے کا گوشت ایک کلو، دہی ایک پاوٴ، پیاز دو عدد (باریک کاٹ لیں)، ادرک لہسن پیسٹ دو کھانے کے چمچے، ہری مرچ آدھا کپ (درمیانی سائز کی)، نمک حسب ذائقہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، تیل آدھا کپ۔
ترکیب: دیگچی میں تیل گرم کریں۔ اس میں پیاز ڈال کر گولڈن ہونے تک تلیں۔گوشت، نمک اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال دیں اور چار منٹ تک بھون کر تقریباً چار گلاس پانی گوشت میں ڈال کر گلنے کے لئے چھوڑ دیں اور اگر پانی خشک ہو جائے اور گوشت نہ گلے تو تھوڑا اورپانی ڈال دیں۔ آدھی ہری مرچیں گرائنڈر میں پیس لیں،جب گو شت گل جائے تو دہی پھینٹ کر اس میں ملا دیں اور ساتھ ہی پسی ہوئی ہری مرچ بھی ملا دیں۔
جب دہی کا پانی خشک ہو جائے تو باقی کی ثابت ہر ی مرچوں کو درمیان میں سے کٹ لگا کر گوشت میں ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر مزید دس منٹ تک پکائیں۔جب تیل اوپر آجائے تو اوپر سے پسا ہوا گرم مسالہ ڈال دیں۔ مزیدار یوگرٹ مٹن تیار ہے ۔روغنی نان اور سلاد کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
…بلیک پیپر روسٹ بیف…
اجزاء: گائے کا گوشت (ثابت ٹکڑا) ایک کلو۔ پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد، گاجر (باریک کٹی ہوئی) دو عدد، ہری مرچیں عدد، ٹماٹر (باریک کٹا ہوا) ایک عدد، مسٹرڈ پیسٹ دو کھانے کے چمچے، کٹی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، کٹی ہوئی کالی مرچ تین کھانے کے چمچے، لہسن (چوپ کئے ہوئے) تین جوے، روز میری ایک کھانے کا چمچہ، نمک ایک چائے کا چمچہ، تیل چار کھانے کے چمچے۔
ساس کے اجزاء: کٹی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ، تازہ کریم آدھی پیالی، بیف کی یخنی آدھی پیالی، اراروٹ ایک چائے کا چمچہ،نمک چوتھائی چائے کا چمچہ
ترکیب: گائے کے گوشت پر لال مرچ، کالی مرچ، مسٹرڈ پیسٹ، روز میری، تیل اور نمک ملا کر پانچ گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اوون کی ٹرے کو چکنا کریں اور سبزیاں پھیلادیں، اس پر گائے کا گوشت رکھیں اور المونیم فوائل سے ڈھانک دیں۔ اسے پہلے سے گرم اوون میں 180C پر40 منٹ تک پکائیں، پھر المونیم فوائل ہٹادیں اور مزید دس منٹ تک پکائیں۔ اسے سرونگ ڈش میں رکھیں اور ٹکڑے کا ٹ لیں۔ ساس کے اجزاء ساس پین میں گاڑھا ہونے تک پکائیں اور روسٹ پر ڈال کر پیش کریں۔