اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیشل کیبنٹ کمیٹی 1973ء کے رول نمبر 17(2) کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے پانچ رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیراعظم اس کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم اسکے ممبر ہیں اور اسپیشل دعوت پر شاہد خاقان عباسی ایم این اے (سابق وزیراعظم) کے علاوہ اسٹیبلشمنٹ کیلئے وزیراعظم کے ایڈوائزر اور سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن ممبر مقرر کئے گئے ہیں۔ یہ کمیٹی پی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے وفاقی کابینہ کے روبرو تقرری کیلئے تجویز پیش کا جائزہ لے گی اور اس بارے میں اپنی سفارشات تیار کریگی جو وفاقی کابینہ کے روبرو رکھی جائیں گی۔ یہ سفارشات کیبنٹ ڈویژن جو کیبنٹ ڈویژن کا سیکرٹریٹ ہے فیصلے کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے رکھے گا۔ اس کمیٹی کی میٹنگز کیلئے وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری اور پرنسپل سٹاف آفیسر میٹنگ روم کی جگہ‘ وقت اور تاریخ کا تعین کرینگے۔ پی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر کی اسامی کیلئے تمام امیدواروں کی بامقصد اویلیوایشن کو کمیٹی یقینی بنائے گی۔ کمیٹی سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نکتہ نظر کو بھی ملحوظ خاطر رکھے گی۔ ایس ای سی پی کے ماہرین کی رائے جو قانون کے مطابق دی گئی ہو گی اس کا جائزہ لے گی۔ یہ کمیٹی نیب کے مقدمات اور انکوائریوں کو دیکھے گی کہ اس ملک میں نیب کیس کیسے بنتے ہیں‘ یہ سچائی پر مبنی ہیں‘ صحیح ہیں یا کہ نہیں‘ یا ان کیسوں میں مخالفین کو پھنسایا گیا ہے۔ تاہم کچھ قانونی پروفیشنلز نے رائے دی ہے کہ پی پی ایل کے موجودہ ایکٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی قانونی قدم ہے جو پی پی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کی ہے۔ کمپنیز ایکٹ اور اسی طرح کارپوریٹ گورننس آرٹیکل 187(iii) کے تحت یہ قانونی قدم ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر تقرر کرنے والی اتھارٹی ریگولر سی ای او/ایم ڈی کے نام کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی اور سی ای او کی موجودہ معیاد کے خاتمے تک بورڈ اپروول نہیں دیتا تب موجودہ سی ای او اپنے عہدے پر کام کرنا جاری رکھ سکتا ہے۔ تاہم سی ای او کی معیاد کی توسیع صرف بورڈ کی منظوری سے ہو گی اور اس کیلئے کیبنٹ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کیبنٹ کی منظوری مستقل منیجنگ ڈائریکٹر یا ریگولر منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے درکار ہوگی۔ دریں اثناء سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے وزیراعظم کی صدارت میں جو کمیٹی 25جولائی 2022ء کو تشکیل دی گئی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنی جگہ پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو اس سپیشل کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ یہ بھی وزارت پٹرولیم کے قریبی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آج 22اگست کو وفاقی سیکرٹری پٹرولیم علی رضا بھٹہ نے پی پی ایل بورڈ کا جو اجلاس اسلام آباد طلب کر رکھا تھا‘ اس میں تمام بورڈ ممبران کو کراچی سے اسلام آباد پہنچ کر شرکت کرنا تھی۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق آج طلب کیا گیا یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پی پی ایل کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے بورڈ آن لائن فیصلے کر لیا کرتا تھا مگر وزیراعظم کی 25جولائی 2022ء کو تشکیل دی گئی کمیٹی کی موجودگی میں بورڈ ممبران کا اجلاس میں فزیکل موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا‘ اور آج بورڈ کا جو اجلاس وفاقی سیکرٹری پٹرولیم علی رضا بھٹہ نے طلب کیا تھا وہ ذرائع کے مطابق آج نہیں ہوگا۔