لندن (اے ایف پی) باکسنگ کے عالمی چیمپئن ٹائسن فیوری نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چاقو سے حملوں کی وارداتیں روکنے کیلئے کریک ڈائون کرے، ان کا یہ مطالبہ ان کے کزن کی چاقو کے وار سے حملے میں ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ پر فیوری نے برطانیہ میں چاقووں کے وار سے ہونے والے حملوں کو ایک وبا قرار دیا، انہوں نے اپنے کزن ریکو برٹون کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ فیوری کا کہنا تھا کہ ان کے کزن کو گزشتہ رات گردن پر چاقو کے وار سے ہلاک کردیا گیا تھا، بدتمیز لوگوں کے پاس چاقو موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کو جتنی جلدی ممکن ہو روکنے کی ضرورت ہے، برطانوی حکومت کو چاہئے کہ وہ چاقو کی مدد سے ہونے والے جرائم کی سزائیں مزید سخت کرے۔