حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ /کنزیومر کورٹ حیدرآباد نے گستاخانہ حرکت کے الزام میں گرفتارملزم اشوک کمار ولد بابو لعل ہریجن کو 7 روز کے تفتیشی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، کینٹ پولیس نے گرفتار ملزم کو سخت حفاظتی انتظامات میں کنزیومر کورٹ حیدرآباد میں پیش کرکے 14روز کے ریمانڈ پر تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کرنے کی استدعا کی تھی، کیس کے تفتیشی آفیسر نے کہاکہ گرفتار ملزم سے ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے اورنہ ہی اس کےساتھی ابھی تک گرفتارہوئے ہیں لہذا مزید تفتیش کے لئے حوالے کیاجائے،عدالت کے پوچھنے پر گرفتارملزم نے دوران تفتیش تشدد یا مارپیٹ سے انکار کیا جس کے بعد عدالت نے گرفتارملزم اشوک کو 7روز کے جسمانی ریمانڈ پر کینٹ پولیس کے حوالے کرکے 28اگست کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔حیدرآباد میں کینٹ تھانے کی حدود میں گذشتہ روز پیش آنے والے واقعہ کے بعد شدیداحتجاج‘ ہنگامہ آرائی اور گرفتاریوں کے اعلان اور کاروبار بند رکھنے کے اعلان پر پیر کو شہر بھر میں رینجرز اورپولیس کی بھاری نفری تعینات‘ جگہ جگہ رینجرز اورپولیس کی چیکنگ اورگشت‘ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پولیس نے گذشتہ روز کینٹ تھانے کی حدود میںگستاخانہ واقعہ کی اطلاع پر ہنگامہ آرائی، جلاؤگھیراؤ، ہوائی فائرنگ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار 48افراد کو پیر کے روز کنزیومر کورٹ حیدرآباد کی عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد گرفتارملزمان کی 20,20ہزارروپے کی ضمانت منطورکرکے رہاکرنے کاحکم دیدیاہے۔