لاڑکانہ(جنگ نیوز) بارش متاثرین نے سرکار کی طرف سے راشن، ٹینٹ اور سہولیات کی عدم فراہمی پر وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گاڑیاں روک دیں،مظاہرین نے کہا کہ بچے اور خاندان کھلے آسمان تلے بھوکے بیٹھے ہیں انتظامیہ ان سے ملنے کو بھی تیار نہیں۔سندھ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ہاؤس کے باہر پہنچے تو درجنوں مظاہرین نے راستہ روک لیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ گاڑی سے اتر آئے اور مظاہرین سے معلومات حاصل کیں۔ بارش متاثرین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے شکوہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر انہیں ٹینٹ دے رہے ہیں اور نہ ہی کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے بچے اور خاندان کھلے آسمان تلے بھوکے بیٹھے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ ان سے ملنے کو بھی تیار نہیں۔