راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) آئیسکو کی جانب سے جڑواں شہروں کے عوام کو بھیجے گئے بجلی کے ہوشرباء بلوں اور ہزاروں روپے کے اضافی ٹیکسوں کے خلاف راولپنڈی کے مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ شہریوں نےکو خبردار کیا ہے کہ اگر رواں بلوں کی درستگی کر کے تمام اضافی ٹیکس ختم نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھاتے ہوئے یومیہ بنیادوں پر مرکزی شاہراہیں بند کرنے کے ساتھ واپڈا دفاتر اور گرڈ سٹیشنوں کا گھیراؤکیا جائے گا ۔گزشتہ روز پیرودھائی ،ڈھوک منگٹال ہزارہ کالونی ،صفدر آباد اور چونگی نمبر4پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واپڈا اور آئیسکو ملازمین و افسران کو مفت بجلی کی سہولت ختم کی جائے۔سرکاری دفاتر اور وزارتوں میں سرکاری خرچ پر ائر کنڈیشنر کا استعمال بند کیا جائے اوربجلی کے بلوں میں لگائے گئے تمام ٹیکس فوری طور پر ختم کئے جائیں۔