کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سیلاب اور بارشوں سے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کچھ دنو ں کیلئے اپنی سیاست ترک کردیں، عمران خان کی خاتون جج کو دھمکی انتہائی سنگین بات ہے، فواد چوہدری صوبائی حکومتوں کو وفاقی حکومت کیخلاف لشکرکشی کیلئے ابھار رہے ہیں،پی ٹی آئی اگلے سال اکتوبر تک انتخابات کا انتظار کرے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے صدر شعیب شاہین اور ماہر قانون سلمان اکرم راجہ بھی شریک تھے۔شعیب شاہین نے کہا کہ خاتون جج سے متعلق عمران خان کے الفاظ غیرضروری اور نامناسب تھے، معذرت کرنے سے کسی لیڈر کی شان کم نہیں ہوتی، عدالتوں کی عزت میں اضافہ توہین عدالت سے نہیں برداشت سے ہوا ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پورے ملک کو بارشوں اور سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے، پوری قوم کو یکجان ہو کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا چاہئے،عمران خان پر توہین عدالت کا معاملہ بہت سنگین ہے، عمران خان کو عدلیہ سے معافی مانگنا چاہئے، پہلے دن معافی مانگنے اور بحث کے بعد معافی مانگنے کی حیثیت اور ہوتی ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا کہ سندھ اور بلوچستان سیلاب اور بارشوں سے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، سندھ میں مسلسل بارش ہورہی ہے اگلے دو تین دن طوفانی بارش کا امکان ہے۔