کراچی(جنگ نیوز)پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں سیلاب متاثرین کا امدادی سامان مبینہ طور پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سیلاب متاثرین کے سامان پر ہاتھ صاف کیا جارہا ہے۔ویڈیو بنانے والا شخص گودام والے سے کہتا ہے کہ باہر ٹریکٹر بھر رہا ہے، یہ کس نے اجازت دی؟ یہ سب کس کی اجازت سے ہورہا ہے؟ جواب میں گودام والا شخص کہتا ہے مختیار کار کی اجازت سے۔ویڈیو بنانے والے نے کہا کہ مختیار کار آج سارا دن تھا ہی نہیں، جس پر گودام والا کہتا ہے کہ فون پر تو بات کرسکتا ہے نا۔ویڈیو والے نے کہا فون پر کہاں؟ سارا دن ہم بیٹھے ہیں، روزانہ رات آپ لوگ گاڑیاں بھر کر نکال رہے ہیں، تین چار دن سے ہم دیکھ رہے ہیں۔