• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

آج کل کے بچّے شورابے والے کھانوں سے زیادہ جنگ فوڈز اور دیگر کھانے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ہر وقت ان کی یہی فرمائش ہوتی ہے کہ کچھ اچھا بنائیں ،اس ہفتے ہم آپ کو چند منفرد ڈشز کی تراکیب بتا رہے ہیں۔ انہیں آزما کر بچّوں کی خواہش پوری کریں ۔

……چکن ہنی پاستا ……

اجزا: چکن بریسٹ ایک عدد، اسپائرل میکرونی ایک پیکٹ، نمک حسب ذائقہ، کچلا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچہ ،ہری پیاز دو عدد، شملہ مرچ ایک عدد، گاجر ایک عدد، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، سویا ساس دو کھانے کے چمچے، شہد ایک چائے کا چمچہ ،کوکنگ آئل دو سے تین کھانے کے چمچے۔

ترکیب: چکن کو دھو کر اس کے اسٹرپس کاٹ لیں اور انہیں لہسن، نمک، لال مرچ، سرکہ اور سویا ساس کے ساتھ میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔ سبزیوں کو لمبائی میں کاٹ لیں۔ پھیلے ہوئے پین میں کوکنگ آئل میں چکن کو سات سے آٹھ منٹ تیز آنچ پر سنہری فرائی کرکے نکال لیں، پھر اسی پین میں سبزیوں کو تیز آنچ پر دو سے تین منٹ فرائی کریں۔ اس میں ابلی ہوئی میکرونی ڈال کر چکن شامل کریں اور شہد ڈال کر اچھی طرح ملاتے ہوئے چولہے سے اتار لیں۔

……کریمی میکرونی……

اجزا: میکرونی ایک پیالی ،سفید سوس ایک پیالی ،پنیر ایک کھانے کا چمچہ، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ ،قیمہ ایک پیالی (اُبال لیں)، مکھن دو کھانے کے چمچے

ترکیب: سب سے پہلے تو میکرونی کو اُبال(پانی زیادہ رکھیں ) چھلنی میں چھان لیں۔ اب مکھن گرم کریں۔ اس میں قیمہ ،نمک اور مرچ ڈال کر اچھی طر ح مکس کرکے میکرونی شامل کرلیں اور اچھی طر ح بھونیں ۔ اس کے بعد پنیر کے ٹکڑے شامل کرکے اُتارلیں۔ ڈش میں نکلنے کے بعد اوپرسے سفید سود ڈال دیں۔

…اوون روسٹڈ چکن شوار ما …

اجزا: چکن بریسٹ آدھا کلو (ہڈی کے بغیر )، دو عدد لیموں کارس،تیل آدھا کپ، نمک ایک چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ، پاپریکا پاؤڈر دو چائے کے چمچے، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، لہسن چار جوئے پسے ہوئے، پیاز ایک عددکٹی ہوئی ،پیتا بریڈ حسب ِضرورت، ہمس حسب ضرورت، گارلک سوس حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک پیالے میں لیموں کا رس، تیل، نمک، کالی مرچ، پاپریکا، ہلدی، لال مرچ اور لہسن ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں، پھر اس مکسچر میں چکن کو اچھی طرح کوٹ کرلیں۔ پلاسٹک ریپ یا فوائل پیپر سے ڈھانپ کر کم از کم ایک گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔

اوون کو دو سو ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرلیں۔ پھر پیاز کو چکن میں شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور بیکنگ پین میں رکھ کر تیس سے چالیس منٹ کے لئے ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کرلیں یہاں تک کہ چکن نرم ہو جائے۔ پیتا بریڈ ،ہمس اور گارلک ساس کے ساتھ سر و کریں۔