• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہک اکرام

جلد کے حوالے سے خواتین کی ذرا سی بے احتیاطی کبھی کبھا ر بہت زیادہ مسائل کا باعث بن جاتی ہے۔ اسی لیے بعض خواتین جلد کی دیکھ بھال پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتی ہیں۔ چکنی جلد ہو یا خشک ،کمبی نیشن ہو یا نرم ہر طر ح کی جلد کا خیال رکھنا لازمی ہے۔ مگر سب جلد کا خیال رکھنے کا طر یقہ الگ ہو تا ہے۔ لیکن سب سے زیادہ مشکل کمبی نیشن جلد کی حفاظت ہے ۔کمبی نیشن جلد وہ ہوتی ہے جو چکنی اور خشک دونوں طر ح کی خصوصیات کی حامل ہوتی ہے۔

اس طرح کی جلد میں پیشانی ،ناک اور تھوڑی پر T-Shape میں حلقے ہوتے ہیں اور زیادہ تر چکنی جلد کی خصوصیات ہوتی ہیں۔ جب کہ گالوں کی جلد خشک یا نارمل ہوتی ہے۔ کمبی نیشن جلد پر میک اپ کرنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ اس جلد کی حامل خواتین کو اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ ان کے T-Zoneکا میک اپ خراب ہو جاتا ہے لیکن گالوں کا میک اپ بالکل ٹھیک رہتا ہے ۔T-Zone پر میک ا پ اس قدر چمکنے لگتا ہے کہ باقی چہرے کا میک اپ ماند پڑ جاتا ہے۔کچھ خواتین اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کلینزر استعمال کرتی ہیں۔ لیکن کلینزر کا اثر تھوڑی دیر ہی رہتا ہے۔ 

چہرے کا زیادہ حصہ خشک اور بے رونق ہوجاتا ہے۔ اس جلد کی حامل خوا تین کودن میں دو مرتبہ کلینزر سے منہ دھونا چاہیے اورکم الکوحل والا کلینزر استعمال کریں۔ لیکن T-Zone کے لیے خشک کلینزر استعمال کریں۔ اس طر ح کرنے سے کلینزر کا اثر دیر تک رہے گا اور چکنائی بھی تیزی سے جذب ہو جائے گی۔ اگر آپ موئسچرائز استعمال کررہی ہیں تو اس میں تھوڑا سا پانی ملا لیں یا پھر ایسا موئسچرائزر استعمال کریں جس میں چکنائی جذب کرنے والے اجزا موجو د ہوں۔

ماہرین آرائش حُسن کا کہنا ہے کہ کمبی نیشن جلد کی حفاظت کرنے کا بہترین طر یقہ یہ ہے کہ چہرے کے ہر حصے کی الگ الگ طر ح سے دیکھ بھال کی جائے۔ ویسے تو یہ مشکل کام ہے لیکن اس طر ح کی جلد کی حفاظت کا یہی بہتر ین طر یقہ ہے۔ اس کے لیے آپ کو مخصوص مصنوعات تک محدود رہنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ مختلف مصنوعات کا استعمال بھی کر سکتی ہیں۔کمبی نیشن جلد کے لیے ماسک کا استعمال بھی اچھا رہتا ہے۔

کمبی نیشن جلدکی حامل خواتین کو چاہیے کہ ماسک کا استعمال بھاپ لینے کے بعد کریں ،اس طر ح کرنے سے جلد اچھی طر ح صاف اور نرم ہوجاتی ہے۔بھاپ تقریبا 5 منٹ تک لیں۔ اس کے بعد برف سے پورے چہرے پر ٹکور کریں اورٹشو پیپر سے چہرہ صاف کرلیں۔ پھر ماسک لگائیں۔ ماسک دو طر ح کے ہوتے ہیں ایک کیلے بیسڈ( clay based)جو چکنی جلد کے لیے ہوتا ہے اور دوسرا کریم بیسڈ (cream based ) کو خشک جلد کو موئسچرائز کرتا ہے۔

کمبی نیشن جلد پر دونوں طر ح کے ماسک کا استعمال کرنا ہوگا۔ اگر آپ کو ایسا ماسک نہیں ملتا جو دونوں خصوصیات کا حامل ہو تو ا س میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، یہ ماسک آپ گھر پر بھی بنا سکتی ہیں۔ ذیل میں آپ کو دو ماسک بنانے کا طر یقہ بتا رہے ہیں ،انہیں آزماکر چہرے کو نکھاریں۔

…لیموں اور شہد کا ماسک…

دو کھانے کے چمچے گرم پانی میں تین کھانے کے چمچے شہد اور دو کھانے کے چمچے لیموں کا رس ملا کر پیسٹ بنا لیں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر 20 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ شہد چہرے کے داغ دھبے ختم کرتا ہے اور لیموں سے جلد نرم ہو تی ہے۔


…اسٹرابیری اور مکھن کا ماسک…

دس اسٹرابیریز کو میش کرکے ایک چائے کا چمچہ مکھن اور دو کھانے کے چمچے لیموں کو اچھی طر ح مکس کرلیں۔ اس کو 15 منٹ تک چہرے پر لگائیں رکھیں، پھر نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیں۔ اسٹرابیریز جلد کی چکنائی کو جذب کرلیتی ہیں اور کنٹرول بھی کرتی ہیں جب کہ مکھن چہرے کو موئسچرائز کرتا ہے۔ ان کے استعمال سے آپ کی کمبی نیشن جلد بے حد خوب صورت اور پر کشش ہو جائے گی۔