• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا دورہ سندھ، 15 ارب گرانٹ کا اعلان

کراچی،سکھر، اسلام آباد (نیوز ڈیسک، بیورو رپورٹ،ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کا دورہ کرکے5 ارب گرانٹ کا اعلان کردیا جبکہ آرمی چیف کراچی پہنچ گئےیہاںانہوں نے سندھ و بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ لی۔

سکھر میں سیلاب متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ انہوں نے فضا سے صورتحال کاجائزہ لیا ہے، سندھ میں 30 سالہ بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیاہے،سیلابی ریلے نےہر طرف تباہی مچائی ہے، سندھ ، بلوچستان ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔

جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا ہے،اب تک 900 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلاب سے ہونے والی تباہی 2010 کے سیلاب سے کہیں زیادہ ہے ۔

وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے وفاقی حکومت کی طرف سے دیئے جارہے ہیں، زخمیوں کو بھی معاوضہ ادا کیاجارہاہے،نقصانات کاتخمینہ لگانے کے لئے مشترکہ سروے کرانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ صوبےاوروفاق مل کر اس چیلنج سے نمٹ سکیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو 25،25 ہزار روپے فوری تقسیم کئے جا رہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کےلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ پہلے مرحلے میں دے رہے ہیں جسے ترجیحی بنیاد پر اپنی صوابدید سے صوبائی حکومت خرچ کرے گی ۔

 انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات کام کررہے ہیں ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک بحریہ کے سربراہ سے بھی میری بات ہوئی ہے،آرمی چیف تمام امور کی خود نگرانی کررہے ہیں ، 11-2010 کا ماڈل ہمارے سامنے ہے اسی فریم ورک پر عمل کیاجائےگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ غیر ملکی سفراسے بھی ان کی ملاقات ہوئی ہےاور اس ملاقات میں ان سے تعاون کی اپیل کی ہے، مزید بھی رابطے ہوں گے، آخری متاثرہ فرد کی دوبارہ آبادکاری تک چین سےنہیں بیٹھیں گے۔

 کراچی ، لاہور،سیالکوٹ، سکھر ، کوئٹہ ، پشاور سمیت ملک بھر کے مخیر حضرات اور کاروباری افراد سے اپیل ہے کہ وہ دل کھول کر متاثرین کے لئے عطیات دیں،سیلاب متاثرین کے لئے اکائونٹ کھول دیئے گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید