کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا نوازشریف کی عمران خان سے متعلق سوچ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف سب سے پہلے ملک میں واپس آئیں پھر کوئی پوزیشن لیں.
نوازشریف اس وقت خود ریلیف ڈھونڈ رہے ہیں وہ عمران خان کو کیا ریلیف دیں گے، ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔
محمل سرفراز نے کہا کہ نواز شریف کی عمران خان سے متعلق سوچ بالکل بھی درست نہیں ہے، سیاسی حریفوں سے نپٹنے کو جمہوریت پر ترجیح دینے کیسی سوچ ہے، یہی سوچ عمران خان کی بھی تھی کیا نواز شریف ان کی تقلید کرنا چاہتے ہیں.
نواز شریف کے نزدیک کیا اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ عمران خان کا جیل میں نہ ہونا ہے، حکومت کی پہلی ترجیح سیلاب ہونی چاہئے مگر یہاں بدلے کی آگ نظر آرہی ہے۔