• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا، صحت اجازت دیتی تو سیلاب متاثرین کے پاس ہوتا، زرداری

کراچی (نیوز ایجنسیاں) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے تکلیف دہ صورتحال ہے، صحت اجازت دیتی تو ایسی صورتحال میں متاثرین کے پاس موجود ہوتا، بلاول بھٹو زرداری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وہ عوام کے درمیان ہیں، پیپلزپارٹی کے وزراءاور ارکان اسمبلی عوام کے درمیان رہیں ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسیع اور بیت المال کو متحرک کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان ہے اور پختہ یقین ہے کہ وہ قوم کو اس مشکل صورتحال سے نکال کر سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بارش اور سیلاب کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمے داری ضرورت پوری کریگی۔ آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے وزراء اور اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے حلقوں کے عوام کے درمیان رہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کے قدموں میں ہی سیاسی جنت ہے کہ اصول کو مشعل راہ بنایا جائے۔ سابق صدر نے کہا کہ وہ متاثرین سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سیاست بعد میں ہوتی رہے گی، یہ وقت عوام کی بھرپور خدمت کا ہے۔

اہم خبریں سے مزید