• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری نے وزیراعظم شہباز سے اظہار یکجہتی کیا، احسن اقبال

اسلام آباد (صالح ظافر) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے پہلی پرواز اتوار کو 3000 ٹن سے زائد امدادی سامان بشمول خیمے، خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات کی دیگر اشیاء لے کر پی اے ایف بیس نور خان پہنچی۔پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزیبی نے امدادی سامان وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کے حوالے کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ عالمی برادری نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور انہیں حالیہ سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والے لوگوں کی ریلیف اور بحالی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی حکومتی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے یورپ سمیت دیگر کئی ممالک پاکستان کو امدادی سامان بھیج رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دوست ملک چین سے خیموں کی ایک کھیپ بھی جلد پہنچ جائے گی، جسے سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری طور پر فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہ کن سیلاب کی وجہ سے مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی اداروں اور عوام کے ساتھ مل کر اس قدرتی آفت پر جلد قابو پالے گی اور لوگوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

اہم خبریں سے مزید