کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دادو کو ہر صورت بچائیں گے، فی الحال کسی بھی بند میں کوئی کٹ نہیں لگایا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے ایک روزہ سندھ کے سیلابی علاقوں کے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس دفتر پہنچتے ہی حمل، منچھر اور دریائی صورتحال سے متعلق اجلاس منعقد کیا جس میں وزیر آبپاشی جام خان شورو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس، بریگیڈئر زیل، کور کے بریگیڈیئر نیئر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے دورے سے متعلق اجلاس کو بتایا کہاآج سارا دن سندھ کے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا ہے اور جائزہ لینے کے بعد یہ اجلاس بلایا۔ ہم منچھر کے پانی کو 124 آر ایل تک آسانی سے لے جاسکتے ہیں جبکہ حمل میں پانی کی سطح کم ہورہی ہے۔