• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کو 25 ہزار فی کس دینگے، شہباز شریف، 10 ارب کا اعلان

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افرادکے لئے 25 ہزار روپے فی کس کی فراہمی کی مد میں وفاق کی جانب سے 10 ارب روپے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی،یہ قدرتی آفت ضرور تھی لیکن ناقص انسانی منصوبہ بندی کی وجہ سے نقصان ’مین میڈ‘ ہے،یہ ایک کٹھن مرحلہ ہے، مخیر حضرات متاثرین کےغموں کوخوشیوں میں بدلیں ،دیگرممالک سے ملنے والی امداد شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچانے کی خود نگرانی کرونگا ،صوبائی حکومتیں، افواج پاکستان اور این ڈی ایم و پی ڈی ایم متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات مصروف ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرہ سے نکل گیا، خدا کرے کہ پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، ہم پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویاہوا مقام واپس دلانے کے لئے کوشاں ہیں،خدا تعالیٰ نے پاکستان کو انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ان علاقوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو آج نکال لیں گے،وزیراعظم نے امریکاکی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کے اعلان پر ، اظہار یکجہتی کے پیغام پر سوئٹزر لینڈ کے صدرسے اظہار تشکر کیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کالام اور سوات کا دورہ کیا۔وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام ، ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی ، نجم الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج میں خیبر پختونخوا کے دورہ پرآیا ہوں لوگوں سے ملا ہوں۔ان سے بات چیت کی۔یہاں سنٹر میں عورتوں،بچوں سمیت کافی سیاح بھی موجود ہیں انہیں ان کے گھروں تک پہنچا دیں گے،افواج پاکستان کے ہیلی کاپٹر انہیں نکال رہے ہیں۔یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکالیں گے۔

اہم خبریں سے مزید