ملتان (نمائندہ جنگ) تھانہ کینٹ کے علاقے میں واقع نصرت روڈ پر روزنامہ جنگ اور جیو نیوز کے دفتر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ ایک اندازے کے مطابق دو کروڑسے زائد مالیت کا سامان خاکستر ہو گیا۔ آگ نے کئی شعبوں کے دفاتر کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا اور عمارت میں دھواں بھر گیا۔ آفس میں موجودسامان، نقدی،فرنیچر اور کمپیوٹر جل گئے۔ ریسکیو 1122 نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا تاہم کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ آگ پر قابو پانے کے دوران ریسکیو کا فائر فائٹر شیشے لگنے سے زخمی ہو گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ پلازہ میں ایمرجنسی ایگزٹ کا کوئی راستہ نہیں ہے جس کے باعث فورتھ فلور کے شیشے توڑنا پڑے ۔ پلازہ کی بیسمنٹ میں ایک ریسٹورنٹ ہے جس کے سٹور میں درجن سے زائد گیس کے سلنڈر موجود ہیں جن کو کسی بھی حفاظتی انتظامات کے بغیر رکھا گیا ہے ۔