کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بروز ہفتہ لاڑکانہ سہون (ایل ایس) سمیت مختلف حفاظتی بندوں کے پشتوں کا فضائی معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ پشتے اتنے کمزور نہیں مگر ناگزیر حالت میں ہیں، منچھر کو ریلیف کٹ دینے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس کا پانی دریائے سندھ میں جانے کے بجائے علاقے میں ایک اور جھیل بن جائے گی، اس لیے مناسب ہے کہ دریا کی سطح کم ہونے کا انتظار کیا جائے۔ ہمیں ایم سی بند کو مضبوط کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق مراد علی شاہ صوبائی وزیر تیمور تالپور کے ہمراہ سہون گئے جہاں انہوں نے منچھر کنٹیننگ (ایم سی) بند، ایم این وی بند، جوہی برانچ اور دریائے سندھ کے ایل ایس بند سمیت مختلف پشتوں کا فضائی معائنہ کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ پشتے اتنے کمزور نہیں اور ایریگیشن انجینئر ز کی نگرانی میں ان کی مضبوطی پر دن رات کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں سے سہیون، میہڑ، جوہی، دادو اور لاڑکانہ محفوظ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منچھر میں پانی کے مسلسل بہاؤ سے اس کا پھیلاؤ 130 مربع کلومیٹر تک بڑھ گیا ہے۔