• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ایچ کیو ہسپتال مری سے ڈائیلاسز مشین چوری‘ انکوائری کمیٹی تشکیل

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر مری ہسپتال سے ڈائیلاسز مشین چوری ہو گئی جبکہ بی ایچ یو حیال شریف راولپنڈی سے لاپتہ الٹرا سائونڈ مشین نائب قاصد سے مل گئی ہے۔ مری ہسپتال کی مشین چوری کی تحقیقات کیلئے 3رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جبکہ چار ڈاکٹروں کے ڈی ڈی ایچ او لگانے کے احکامات بھی جاری ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم ایس ٹی ایچ کیو مری کی طرف سے سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر انصر اسحاق کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایم ایس کا چارج لینے کے بعد انسپکشن رپورٹ میں پتہ چلا کہ 6میں سے ایک ڈائیلاسز مشین کم ہے جو زیر تعمیر آئی پی ڈی بلاک گرائونڈ فلور پر 16فروری 2021کو لگائی گئی تھی۔ مشین کی انکوائری کیلئے ڈاکٹر واثق صفر عباسی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ رپورٹ پر ڈاکٹر انصر اسحق نے بھی 3رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں ڈاکٹر اسد الرحمان، ڈاکٹر عامر شیخ اور ڈی ڈی او ہیلتھ مری شامل ہیں۔ ادہر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے گریڈ 17کے ڈاکٹر سید حسین شاہ ترمزی کو رورل ڈسپنسری موہڑہ دروگاں سے تبدیل کرکے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹیکسلا‘ گریڈ 17کے ڈاکٹر محمد نوید کو رورل ہیلتھ سنٹر بگا شیخاں سے ڈی ڈی ایچ او کینٹ‘ گریڈ 18کے ڈاکٹر فرحت ابراہیم کو ٹی ایچ کیو کلر سیداں سے ڈی ڈی ایچ او کلر سیداں جبکہ گریڈ 18کے ڈاکٹر عمر فاروق کو ٹی ایچ کیو کلر سیداں سے تبدیل کرکے ڈی ڈی ایچ او کہوٹہ لگایا گیاہے۔
اسلام آباد سے مزید