اسلام آباد(نمائندہ جنگ)شہباز شریف کی یادگار پاکستان اور شکرپڑیاں میں یادگار شہدا پر حاضری، وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 57سال پہلے دشمن کے عزائم ناکام بنادیئے، قوم آج پھر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئےمتحد ہے،ہماری بہادر افواج نے اپنے عقیدے اور مصمم ارادے سے آج سے 57 سال قبل رات کے اندھیرے میں پاک سرزمین پر حملہ کرنے والے اپنے سے وسائل اور حجم میں چار گنا بڑےدشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔پوری قوم ان شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے،آج ستمبر میں ایک بار پھر قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اسی جذبہ سے یک جان اور دو قالب بنی ہے۔گزشتہ روز وزیر اعظم نے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں واقع پاکستان مانومنٹ میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادرچڑھانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آج اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کررہی ہے جنہوں نے آج سے 57 سال قبل پاکستان پر رات کے اندھیرے دشمن کے بزدلانہ حملے پر لاالہ الااللہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن کا دیوانہ وار مقابلہ کیا اور اپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی۔ ہمارے ان شہیدوں اور غازیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دشمن کے مکارانہ حملے سے ارض وطن پاکستان کو بچایا،دھرتی کے ایک ایک انچ کی اپنی جان سے زیادہ حفاظت کی،دشمن کے دانت کھٹے کردیئے۔