کراچی، لاہور (نیوز ڈیسک، پی پی آئی) کوئٹہ میں دو ہفتوں سے بجلی اور گیس کی عدم فراہمی سے شہریوں پریشان تھے۔ اب عوام کیلئے آٹے کا بحران نیا امتحان بن گیا ہے۔ کوئٹہ میں شہری آٹے کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ بیشتر بازاروں میں آٹا غائب ہے اور جہاں دستیاب ہے وہاں دگنے دام مانگے جارہے ہیں۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 2300روپے تک فروخت ہورہا ہے۔ادھر سیلاب کے سبب پنجاب میں گندم کے بحران نے بھی سر اٹھا لیا۔لاہور میں فلور ملوں نے 15کلو آٹے کا تھیلا 50روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ 15کلو آٹے کی قیمت 1300روپے سے بڑھا کر 1350روپے کردی گئی۔ ذرائع محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق۔پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت مانگ لی، اگر گندم نہ منگوائی تو دسمبر میں قلت کاخدشہ ہے، پنجاب کا گندم کا سرکاری کوٹہ 16700 ٹن یومیہ ہے، ضرورت 25 ہزارٹن گندم کی ہے۔دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دکانوں سے آٹا نہیں مل رہا، ملوں نے آٹے کی سپلائی کم کر دی ہے۔