کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیر خزانہ ، سینئر رہنما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ عمران خان قوم سے معافی مانگیں اور غلطیوں کا اعتراف کریں تو پھر بات چیت ممکن ہے، ابھی میری جو درخواست تھی وہ میرا اپنا اکیلے واپسی کا فیصلہ تھا، دو ہفتے کل ختم ہوں گے۔میاں صاحب کی صحت ہم سب کے لئے بہت اہم ہے ان کی فوری واپسی کا زیادہ امکان نہیں۔ پاکستان آنے کے لئے وہ بھی اتنا ہی پرجوش ہیں جتنا کہ میں ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد میں واپس آجاؤں گا اور صحت کی بہتری پر میاں صاحب بھی واپس آجائیں گے۔عمران خان اور نواز شریف کے مابین بیک ڈور رابطوں کی خبر غلط ہے۔عمران خان قوم سے معافی مانگیں اور غلطیوں کا اعتراف کریں تو پھر بات چیت ممکن ہے۔ عمران خان نے بیان دیا کہ نواز شریف اور زرداری ایسا چیف لانا چاہتے ہیں جو ان کی کرپشن کو چھپائے۔ پاکستان کی تاریخ میں میں سب سے بڑی کرپشن تو آپ کے خلاف ہے۔