عظمیٰ صدیقی
اس ہفتے ہم آپ کوچند کباب کی تراکیب بتا رہے ہیں ،جنہیں آپ کھانے کے علاوہ شام کی چائے کے ساتھ بھی کھا سکتے ہیں۔ آپ چاہے تو انہیں بنا کر فریز بھی کر سکتی ہیں۔ تو چلیں آج ہی انہیں آزما کرخود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں۔
……کاٹیج چیز کٹلس……
اجزا: کاٹیج چیز ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ ،کچلا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ۔ ڈبل روٹی کے سلائسز دو عدد، کارن فلار ڈیڑھ کھانے کے چمچہ ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت، ہری مرچیں دو سے تین عدد ،ہرا دھنیا حسب پسند, لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، کوکنگ آئل حسب ضرورت
ترکیب: کاٹیج چیز کو اچھی طرح ہتھیلی سے رگڑ کر یکجان کر لیں، پھر اسے پیالے میں ڈال کر اس میں نمک، کالی مرچ، لہسن، لیموں کا رس، چورا کی ہوئی ڈبل روٹی کے سلائسز، باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ دس سے پندرہ منٹ فریج میں رکھنے کے بعد اس کے کٹلس بنا لیں۔ پھر تھوڑے سے پانی میں کارن فلار گھول لیں اور ساتھ ہی ڈبل روٹیکا چورا نکال لیں۔ اس کے بعد تیار کیے ہوئے کٹلس کو پہلے کارن فلار میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرکے دس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں ۔فرائنگ پین میں تیل گرم کے کٹلس کو سنہری ہونے تک فرائی کریں ۔چٹنی یا کیچپ کے ساتھ مزے سے کھائیں۔
……چنا فرائڈ کباب ……
اجزا: سفید چنے ڈیڑھ کپ, شملہ مرچ آدھی ،پیاز ایک عدد، ٹماٹر ایک عدد, دھنیا، پودینا تھوڑا سا، ہری مرچ تین عدد، نمک حسب ذائقہ ،کٹی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ، ثابت زیرہ آدھا چائے کا چمچہ ،پسا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچہ، پسی ہوئی کھٹائی آدھا چائے کا چمچہ، انڈہ ایک عدد ،بیسن تین کھانے کے چمچے،تیل فرائی کرنے کے لیے۔
ترکیب: شملہ مرچ ، پیاز، ٹماٹر اور ہری مرچ باریک باریک کاٹ لیں اور چنے ابال کر پیس لیں، ایک پیالے میں پسے ہوئے چنے، شملہ مرچ، پیاز، ہری مرچ اور ٹماٹر ڈال دیں اب اس میں زیرہ ،پسا ہوا دھنیا، کٹی ہوئی لال مرچ، نمک، کھٹائی، انڈہ اور بیسن ڈال کر مکس کر لیں۔ کباب بنا کر گرم تیل میں تل لیں۔ مزیدار چنا فرائڈ کباب تیار ہیں۔