محمد فہیم
پیارے بچو! آج کل سیب کا موسم ہے اور جگہ جگہ ٹھیلوں پر سیب نظر آرہے ہیں۔ روز کا ایک سیب کھانا ہزار بیماریوں سے دور کرتا ہے یہ ایک ناقابل یقین حد تک غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ یہ فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں جو آپ کو صحت مند رکھنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ آپ کےلئے آج ہم نے سیب سے ایک ملاقات کی ہے۔ انہوں نےبہت مضبوط اور ٹھوس باتیں کیں، البتہ انہیں بچوں سے کچھ شکوے شکایات بھی تھےاب کیا تھے خود ہی پڑھئیے۔
س: اسلام علیکم جناب سیب صاحب! کیسے ہیں آپ؟
ج: وعلیکم السلام ،جناب !اللہ کا شکر ہے، (مسکراتے ہوئے)
س: آپ کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں؟
ج: جغرافیائی اعتبار سے میں سرسبز پہاڑی علاقے میرا وطن ہیں۔ البتہ میرا اصلی وطن جنت ہے۔ میں جنت سے اتارا گیا ہوں۔
س: آپ کی کتنی قسمیں ہیں؟
ج: میری کافی قسمیں ہیں۔ ان میں مشہدی سیب، گولڈن سیب، کالا گلو وغیرہ۔
س: سنا ہے آپ صحت کےلئے بہت فائدہ مند ہیں ؟اس بارے میں کیا کہتے ہیں۔
ج: جی ہاں قدرت نے میرے اندر وٹا من سی، ڈی اور آئرن کثرت سے رکھا ہے۔مجھے صبح کے اوقات میں کھایا جا ئےتو زیادہ صحت بخش ہوں۔ بچے بوڑھے جوان ہر عمر کے افراد مجھے شوق سے کھاتے ہیں۔ میرا جوس نکال کر بھی پیا جاتا ہے۔ میں اپنے رب کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں اللہ کے حکم کے مطابق برس ہا برس سے اس کی مخلوق کی خدمت کررہا ہوں۔
س: بچوں کو کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟
ج: بچو ں سے مجھے یہ کہنا ہے کہ اپنے اندر اچھی عادتیں پیدا کیجئے ،وقت پر ہر کام کریں، سچ بولیں، امی ابو کا کہنا مانیں، استادوں کی ہدایات کے مطابق عمل کریں گے۔
س: کیا آپ کو بچوں سے کوئی شکایت ہے ؟
ج: بعض بچےمجھے آدھا کھا کر چھوڑ دیتے ہیں۔ یہ اچھی عادت نہیں۔جب کھائیں تو پو را سیب کھائیں ۔
ہمیں امید ہے کہ آپ کو سیب کی باتیں اچھی لگیں ہوں گی۔