لاہور( این این آئی)اسپیشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہبازشریف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے اور وزیر اعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے مزید 13 بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیدیا۔ خصوصی عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس پر سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔تحریری حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہباز شریف آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔شہباز شریف کے وکیل کی جانب سے انکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی۔ درخواست کے مطابق شہباز شریف متعدد اہم امور میں مصروف عمل ہیں۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔عدالت میں ملزم سلمان شہباز کے اکاوئنٹس کو ڈی فریز کرنے کے لیے درخواست دی گئی۔