اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے)وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے نیشنل فزیکل اینڈ سٹینڈرڈ لیبارٹری (این پی ایس ایل )نے پانچ سال قبل تقریباً 2کروڑ روپے میں منگوائی گئی سی این سی مشین چلانے میں مبینہ ناکامی پر پی سی ایس آئی آر کے حوالے کر دی۔ذرائع کے مطابق این پی ایس ایل کےبیلنسنگ مارڈنائزیشن اینڈ ری فربشمنٹ(بی ایم آر) پراجیکٹ کے تحت سی این سی مشین 2017ء میں منگوائی گئی تھی ، بتایا جاتا ہےکہ پاکستان میں یہ واحد مشین ہے جو اس نوعیت کی ہےجس سے کمپیوٹرائزڈ طریقےسے بہت سا کام لیا جاسکتا ہے مگر ادارے کا ٹیکنیکل سٹاف پچھلے پانچ سال میں اس مشین کو چلانے میں مبینہ طور پر ناکام رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسکہ سے 6ملازمین کو اس مشین کو چلانے کیلئے این پی ایس ایل میں ٹرانسفر بھی کیا گیا تھا ۔ ادھر ڈائریکٹر جنرل این پی ایس ایل فوزیہ خان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ دلوانے کے باوجود عملہ پچھلے کئی سال سے اس مشین کو چلا نہیں سکا ، اب یہ مشین پی سی ایس آئی آر لیب لاہور میں انسٹال کی جائے گی۔