راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) مری اور کوٹلی ستیاں کی تحصیلوں پر مشتمل نئے انتظامی ضلع میں 41سرکاری محکموں کے دفاتر قائم ہونگے جس کیلئے تمام محکموں کو شیڈول آف نیو اسٹیبشمنٹ (ایس این ای) تیار کر کے دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ادھر نئے ضلع کے ہیڈکوارٹر کیلئے سو کنال کے لگ بھگ مری موٹروے پر سوزو پارک کے قریب نئی اور قابل رسائی جگہ کی تجویز بھی حکومت کو دی گئی ہے جہاں سے کسی ایمرجنسی میں انتظامی مشینری منٹوں میں مختلف سائٹس پر پہنچ سکتی ہے۔ انتظامی دفاتر اور رہائشگاہوں (ڈسٹرکٹ اینڈ ریذیڈنشل کمپلیکس) کیلئے دو جگہوں 128کنال 7مرلہ موضع پڑھینا جبکہ دوسری 8کنال پر مشتمل مری امپروومنٹ ٹرسٹ پر مشتمل تھی۔ ذرائع کے مطابق مری ضلع کی پیشرفت میں تیزی سانحہ مری کے بعد آئی۔ انتظامی دفاتر کے قیام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق کی زیرصدارت 41محکموں کا اجلاس ہوا جس میں تجاویز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔