اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی بہترین نظام حکومت ہے اور یہ خواتین کی شمولیت کے بغیر نا مکمل ہے ۔پیر کو پارلیمنٹ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ ویمن کاکس کے زیر اہتمام خواتین کو درپیش چیلنجز سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج ہم خواتین کا عالمی یوم جمہوریت منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ہر شخص مہنگائی سے متاثر ہے۔ساری دنیا میں مہنگائی ہے مگر ہم اپنے اس طبقے کو جسکی تنخواہیں کم ہیں اسکا دفاع نہیں کر پا رہے،آج جس آفت سے ہم نبرد آزما ہیں عالمی برادری کو ہماری مدد کے لئے آگے بڑھنا چاہئے، ہم نے بہت کم وقت میں بہت زیادہ مصیبتوں کا سامنا کیا ،ملک کو یک جہتی کے ساتھ سی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔