• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کی خوبصورتی اور تاریخی مقامات کی بحالی ترجیح ہے ، میئر پشاور

پشاور (وقائع نگار )مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہےکہ پشاور کی تعمیر و ترقی ، خوبصورتی اور تاریخی مقامات کی عظمت رفتہ کی بحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگاپشاور کی بزنس کمیونٹی اور عوام سے دوران انتخابات جو وعدے کیے ان کو پورا کرنے کے لیے دن رات کوشاں رہونگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزچوک یادگار و صرافہ بازار کے دورہ کے موقع پر تاجروں اور عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کیامئیر پشاور حاجی زبیر علی نے شہر کے تاریخی مقام چو ک یادگار کا بھی دورہ کیا اوراس کے گنبدو صحن کی مخدوش حالت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اہلکار قوم کے ٹیکسز کے پیسوں سے بنے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار کو بہتر بنانا نہ صرف ان کے اولین فرائض منصبی میں شامل ہے بلکہ جہاں بھی کیپٹل میٹرو پولیٹن کی جانب سے تعمیر و ترقی کا کام کیا جاتا ہے اس علاقے کے چیئر مین ، منتخب کونسلر اور عوام بھی اس کی دیکھ بھال پر نظر رکھیں اور ناقص میٹریل کی فوری شکایت کریں ۔ میئر پشاور نے موقع پر ہی چوک یادگار کے گنبد ، اس کے6 ستونوں و صحن کی تزئین و آرائش و مرمت کے فوری احکامات جاری کیے اوراس سے ملحقہ تاریخی صرافہ بازار کی جدید طرز پر فرش بندی کے احکامات بھی صادر فرمائے ۔صرافہ بازا ر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اوربزنس کمیونٹی نے مئیر پشاور کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ مئیر پشاور نے جس طرح سیلاب زدگان کی مسلسل مدد کی اور دن رات ایک کرکے ان کے ساتھ رہ کر مشکلات حل کرنے کی کوشش کیں انہوں نے مزید کہا کہ ہمیںامید ہے کہ میئر، پشاور کے دیگر حصوں کو بھی خوبصورت بنانے کیلئے اپنا کردا ر اسی جذبے سے نبھائینگے ۔میئر پشاو ر حاجی زبیر علی نے تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس تاریخی شہر پشاور کے کونے کونے کو صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی اور اسکے عظمت رفتہ کی بحالی کے حوالے سے مثالی بنایا جائیگا اور اس کے بازاروں وکاروباری مراکز کی حالت بھی جدید تقاضوں کے مطابق ایسی کی جائیگی کہ یہاں آنے والوں کو، پیدل چلنے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے بلکہ جو بھی ان بازاروں میں گھومے اسے صاف ستھرا ماحول اور خوبصورت گلی کوچے دیکھنے کو ملیں ۔انہوں نے کہاکہ پشاور کو دنیا بھر میں پھولوں کے شہر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے اور ہم بھی اسی مشن پر کارفرما ہیں کہ اس میں ہر جا پھولوں کی سی مہک ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت وسیع النظری و وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوکل گورنمنٹ کے منتخب میئرز ، چیئرمینز ، این سیز اور نیبر ہوڈ کے چیئرمینز اور منتخب کونسلروں کے اختیارات پر قد غن لگانے کی بجائے انہیں اختیارات دے تاکہ پورے صوبے سے منتخب بلدیاتی اراکین تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔
پشاور سے مزید